کراچی کے مختلف علاقوں سے ایم کیوایم کے کارکنان کی مسلسل غیرقانونی گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی کااظہارمذمت

بیگناہ کارکنان کی گرفتاریوں کے ذریعہ ایم کیوایم کی سیاسی او رسماجی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے ،رابطہ کمیٹی

جمعرات 27 اگست 2015 22:03

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں سے ایم کیوایم کے کارکنان کی مسلسل غیرقانونی گرفتاریوں کی شدید الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کے ذریعہ ایم کیوایم کی سیاسی او رسماجی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رینجرز اہلکاروں نے ایم کیوایم لیاقت آباد یونٹ 164کے کارکنان شیخ ظہور ولد نورمحمد اور شیخ امیر ولد نور محمد جوکہ سگے بھائی ہیں ،کو گلشن اقبال سے گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے ایم کیوایم لیاقت آباد سیکٹر یونٹ 159 کے لاپتہ کارکن ندیم احمد خان کے بڑے بھائی اور ایم کیوایم کے کارکن جاوید احمد خان ولد انصار احمد خان کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا اسی طرح ایم کیوایم سرجانی سیکٹر یونٹ 4کے کارکن ارشد سعید ولد محمد نعیم کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک جانب حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیاجارہا ہے کہ کراچی آپر یشن مکمل طور پر غیر جانبدرانہ ہے لیکن حکومتی دعویٰ کے برعکس صرف ایم کیوایم کے رہنماؤں ، ذمہ داروں اورکارکنان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے اور صرف ایم کیوایم کے بیگناہ کارکنان کو غیرقانونی طورپر گرفتارکیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگر آپریشن صرف جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ہے اور کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں کیاجارہا ہے تو پھر آج تک ایم کیوایم کے سواکسی سیاسی یامذہبی جماعت کے سربراہ کے گھر یا مرکزی دفتر پر چھاپہ کیوں نہیں مارا گیا، سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے قائد تحریک الطاف حسین کی رہائش گاہ پر نہ صرف دو بار چھاپہ مارا گیابلکہ الطاف حسین کی ہمشیرہ سائرہ خاتون کے گھرپر بھی چھاپہ مارا گیا ، چھاپے کے دوران ایم کیوایم کے رہنماؤں ، ذمہ داروں ، کارکنوں اور اہل محلہ کو غیرقانونی طورپر گرفتارکیاگیا اور کراچی بھر میں چھاپے گرفتاریوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم محمد نواز شریف ،صدر مملکت ممنون حسین اور چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں آپریشن کی آڑ میں صرف ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کی بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام گرفتارشدگان کوفی الفور رہا کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :