اعلیٰ تعلیم قوموں کو خوشحالی اورترقیافتہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں،مشتاق غنی

جمعرات 27 اگست 2015 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم قوموں کو خوشحالی اورترقیافتہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اسلئے اس شعبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت اپنے وسائل سے اعلیٰ تعلیم پر بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے ۔شہید بے نظیر بھٹویونیورسٹی میں مفاہمت کی یاداشت کی شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تعلیمی ایمر جنسی نافذ کررکھی ہے اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیم کے شعبے کے لئے بجٹ میں کثیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ضرورت مند طلبہ کوسکالرشپس کی فراہمی کے لئے انڈومنٹ فنڈ میں ایک ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ خواتین کی تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر خواتین کے لئے یونیورسٹیوں میں کسی بھی ڈگری پروگرام میں داخلے کے لئے عمر کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شہیدبے نظیر بھٹوویمن یونیورسٹی کے اعلیٰ اقدامات کوسراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی پہلی ویمن یونیورسٹی نے ملک کی تمام خواتین یونیورسٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں سب سے پہلے قدم اٹھایا ہے اور اس یونیورسٹی نے ایک بڑی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں جو کہ مشترکہ تحقیق میں انٹرشپ اور فیلو شپ ،مشترکہ اشاعت ،ٹریننگ کے لئے فیکلٹی کا تبادلہ ،اس کے منصوبوں کے لئے فنڈ جمع کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں ،لیکچررز کے انتخاب،اجلاس ،سیمینارز،سمپوزیم اور کانفرنسز کے لئے مدد گار ثابت ہوں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت ایک جمہوری ،مساوی،پر امن،مضبوط اور ترقیافتہ معاشرے کے قیام کے لئے صنفی مساوات اور خواتین کے کردار ادا کرنے پر یقین رکھتی ہے لہذاانہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مساوات اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر مبنی ہے جوکہ خواتین کو معاشی تعمیر نو کی سرگرمیوں اور قوم کی تعمیر میں نمایاں طور پر شامل کرتی ہے۔

مشتاق احمدغنی نے کہاکہ ماں کی گود بچے کے لئے پہلی درس گاہ کی حیثیت رکھتی ہے ،حکومت کی مکمل کوشش ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہواور اس کے خاتمے میں تعلیم بنیادی عنصر ہے ۔تعلیم یافتہ خواتین اپنے بچوں کا بہتر مستقبل بنانے میں اہم کردار اداکرتی ہیں ۔انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر شہید بے نظیر بھٹویونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر سٹاف کو مبارکباد پیش کی ۔اس مفاہمت کی یاداشت پر شہید بے نظیر بھٹویونیورسٹی ،ویمن کالج یونیورسٹی آف ملتان،لاہور،کوئٹہ،سیالکوٹ اور فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :