پاکستان یوریشین معاشی اتحاد کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، معاہدے سے پاکستان اور یوریشین معاشی یونین میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کو نئی تقویت پہنچے گی اور رکن ممالک کے مابین اشتراک عمل کے نئے راستے کھل جائیں گے، یوریشین معاشی اتحاد ایک اہم علاقائی اتحاد ہے اس لیے پاکستان اس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتا ہے جس سے علاقائی تعاون پر مثبت اثر پڑے گا،روس میں پاکستان کے سفیر ظہیر جنجوا کا روسی خبررساں ادارے کو انٹرویو

ہفتہ 29 اگست 2015 16:04

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء ) روس میں پاکستان کے سفیر ظہیر جنجوا نے کہا ہے کہ پاکستان یوریشین معاشی اتحاد کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے۔روسی خبررساں ادارے سپتنک کو دئے گئے انٹرویو میں پاکستانی سفیر ظہیر جنجوا نے کہا کہ ایسا معاہدہ کئے جانے سے پاکستان اور یوریشین معاشی یونین میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کو نئی تقویت پہنچے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ جب ایسے معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے تو پاکستان اور یوریشین معاشی اتحاد کے رکن ممالک کے مابین اشتراک عمل کے نئے راستے کھل جائیں گے۔ ظہیر جنجوا نے کہاکہ یوریشین معاشی اتحاد ایک اہم علاقائی اتحاد ہے اس لیے پاکستان اس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتا ہے جس سے علاقائی تعاون پر مثبت اثر پڑے گا۔یوریشین معاشی اتحاد کسٹمز یونین کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے، اس کا قیام رواں سال یکم جنوری کو عمل میں آیا۔ یوریشین معاشی اتحاد میں روس، قزاخستان، آرمینیا، بیلارس اور کرغیزستان شامل ہیں یاد رہے کہ بدھ کے روز پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان یوریشین معاشی اتحاد کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :