برطانیہ میں پناہ کیلئے آنیوالے غیرملکی تارکین وطن کی حمایت میں مہم ، ہزاروں شہریوں کی یورپ آنے والوں کے ساتھ تعاون کی درخواست

جمعرات 3 ستمبر 2015 11:50

لندن ۔ 3 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) برطانیہ کے ہزاروں شہریوں نے حکومت کو جنگ زدہ علاقوں سے جانی تحفظ کیلیے کثیر تعداد میں یورپ آنے والوں کے ساتھ تعاون کی درخواست دے دی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی کے ساحل سمندر پر ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایک بچے کی تصویر کی اشاعت کے بعد 40 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے دستخطوں کے ساتھ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی حکومت کو ایک درخواست دی ہے کہ یہ افراد جنگ اور بحران زدہ علاقوں سے اپنی جانوں کے تحفظ کیلئے یورپ کا رخ کر رہے ہیں چنانچہ ان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے عالمی سطح پر ایک بحران جاری ہے،برطانیہ دوسرے یورپی ملکوں کی طرح انھی سیاسی پناہ کی سہولت نہیں دے رہا۔ہم مہاجرین کو غیر محفوظ، غیر انسانی،نامناسب،انتشار زدہ اور برے حالات میں قطعا نہیں چھوڑ سکتے۔

(جاری ہے)

ادھر برطانیہ کے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے بھی حکومت سے کہا ہے کہ وہ سیاسی پناہ کے طلبگار مہاجرین کے ساتھ فراخدلی کا مظاہرہ کرے تاہم حکومت دوسرے یورپی ملکوں کی نسبت اور اپنی کے تناسب سے کہیں کم درخواستوں پر غور کررہی ہے۔

برطانوی حکومت 10 ہزار سے زیادہ لوگوں کی درخواست پر جوابدہ ہے اور اگر یہ دستخط ایک لاکھ سے تجاوز کر جائیں تو معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے پر غور کیا جاسکتا ہے تاہم اس درخواست پر اب تک 46 ہزار سے زیادہ دستخط کیے جاچکے ہیں۔