آبیانے کی سوفیصد وصولی کے ہدف کا حصول یقینی بنا یا جائے،صوبائی وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

جمعرات 10 ستمبر 2015 16:40

پشاور۔10ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے آبیانے کی وصولی میں عدم دلچسپی لینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر ز، کلیکٹرز، ڈپٹی کلیکٹرز اور پٹواریوں کو وارننگ دیتے ہوئے دو مہینوں کے اندر اندر مطلوبہ ہدف حاصل کر نے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام آبیانے کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنائیں۔

انھوں نے خبر دار کیا کہ اگر کسی بھی افسر یا اہلکار نے یہ ٹارگٹ حاصل نہ کیا تو ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں آبیانے کی وصولی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکریٹری ائیریگیشن خیبر پختونخواہ انجینئر محمد نعیم خان، ایڈیشنل سیکرٹری ، چیف انجینئر کمال جہانگیر خان، سپرٹینڈنگ انجینئر پشاور سرکل انجینئر صاحبزادہ محمد شبیر کے علاوہ متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر ز اوردیگر متعلقہ افسران و اہلکاربھی موجود تھے۔

اجلاس میں آبیانے کی وصولی کے بارے میں تفصیلی غور و خوص ہوا اور آبیانہ ریکوری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ آبیانے کی وصولی اعلی حکام سے لے کر پٹواری تک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آبیانے کے 100 فیصد وصولی کو یقینی بنانے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔