قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکریں، ماہرین لائیو سٹاک

پیر 14 ستمبر 2015 16:57

فیصل آباد ۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ فرزندان اسلام عید الاضحی کیلئے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکریں اورانہیں دانہ دینے سے گریز کیا جائے کیونکہ وافر مقدار میں دانہ کھلانے کے بعد جب جانور کو پانی مہیاکیاجاتاہے تو اس سے زیادہ تر جانوروں خصوصاً بکروں ، چھتروں ، دنبوں میں اپھارے کامسئلہ پیداہو جاتاہے جس کے بروقت علاج نہ ہونے سے جانور کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ماہرین لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے بتایاکہ فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قبل جانور کو کچھ کھانے کو مہیا نہ کریں تا کہ قربانی کے دوران مذبحہ کے مراحل آسانی سے طے ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ قربانی کے جانور کا معدہ بھرا ہونے سے گوشت آلودہ ہو سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اچھی طرح جسم سے خون بھی نکالنا ضروری ہے جس سے گوشت کا رنگ چمکدار اور گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق حاصل کیا جا سکتا ہے۔