دیر بالاکے باسی 15 ستمبر کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر ثابت کردیں کہ پی کے 93 جماعت اسلامی کا گڑھ ہے،عوام پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست اور خوشحال بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا بیان

پیر 14 ستمبر 2015 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی کے 93دیر بالا کے رائے دہندہ گان سے اپیل کی ہے کہ وہ 15ستمبر بروز منگل ہونے والے ضمنی انتخاب میں ترازو کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیں کہ دیر جماعت اسلامی کا گڑھ ہے اور دیر کے غیور اور اسلام پسند عوام اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے ۔

خواتین بھی ووٹ استعمال کرنے کے لئے بھاری تعداد میں پولنگ سٹیشنوں کا رخ کریں اور جماعت اسلامی کے حق میں اپنی رائے کا استعمال کریں۔ پیر کے روز جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جماعت اسلامی ہی وہ سیاسی قوت ہے جو عوامی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کے کارکن پی کے 93دیر بالا کے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کا بھر پور ساتھ دیں گے۔

دریں اثناء اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بھی پی کے 93دیر بالا کے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار ملک محمد اعظم خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مختصر عرصے میں ضلع دیر میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیلادیا ہے۔

کالجوں اور سکولوں کی تعمیر سے لے کر بڑی اور چھوٹی رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے نتیجے میں عوام کو آمد ورفت میں سہولت پید ا ہوگئی ہے اور انہیں تعلیم اور صحت کی بنیادی ضروریات کی فراہمی میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیر کے عوام 15ستمبر کو پیپلز پارٹی کو ضلع دیر میں تاریخی شکست سے دو چار کریں گے۔ ادھر ضلع دیر سے آمدہ اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی ، پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان 15ستمبر کے ضمنی انتخابات میں کامیابی اور تینوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان پولنگ کے روز قریبی رابطوں کے سلسلے میں حکمت عملی طے کی گئی۔

جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے پی کے 93ملک محمد اعظم خان نے اپنے ایک بیان میں دیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضمنی انتخابات میں انہیں ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کامیاب ہوکر اپنے حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور جدوجہد کریں گے۔