قومی تعلیمی پالیسی 2016 کی تیاری بارے سیمینار کا انعقاد (آج) ہوگا، وزیر مملکت تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن مہمان خصوصی ہونگے

بدھ 16 ستمبر 2015 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) ملک میں بنیادی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے اور نئی تعلیمی پالیسی 2016 کی تیاری کے حوالے سے وفاقی دارلحکومت میں (آج) جمعرات کو ایک سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان مہمان خصوصی ہوں گے۔ سیمینار کا انعقاد ادارہ تعلیم و آگاہی(ITA) اور آکسفیم کی جانب سے ایک مقامی ہوٹل میں کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خواندگی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ اس سیمینار میں ممتاز ماہرین تعلیم ، معروف ملکی و غیر ملکی اداروں کے نمائندے اور مختلف شئبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ دن بھر جاری رہنے والے سیمینار میں مختلف سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا جن میں شرکاء پاکستان میں تعلیم کے حوالے سے مختلف اہم امور پربات چیت کریں گے جس کے روشنی میں ملک کو درپیش تعلیمی چیلنجز کا موثر طور پر سامنا کرنے کے لیے اہم تجاویز اور سفارشات مرتب کی جائینگی ۔

(جاری ہے)

سیمینار کے اختتامی سیشن میں وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان مہمان خصوصی ہونگے جبکہ اس موقع ادارہ تعلیم و آگاہی اور آکسفیم نئی آنے والی تعلیمی پالیسی 2016 کے لیے ماہرین تعلیم کی جانب سے تیار کردہ تجاویز و سفارشات پیش کریں گے۔