پنجاب میں چنے کی کاشت ستمبر کے آخری ہفتہ سے شروع کریں، محکمہ زراعت

بدھ 16 ستمبر 2015 17:49

ملتان ۔16ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) پنجاب میں چنا کی کاشت تقریباً 24 لاکھ ایکڑ رقبے پر کی جاتی ہے جو ہمارے ملک میں چنے کے کل رقبے کا تقریباً 80 فیصد ہے۔محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں چنے کا تقریباً 92 فیصد رقبہ بارانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے جس میں زیادہ تر تھل بشمول بھکر، لیہ، جھنگ، میانوالی اور خوشاب کے اضلاع شامل ہیں۔

ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چنا کی کاشت ستمبر کے آخری ہفتہ سے شروع کریں۔ فصل کی کاشت کیلئے اوسط درجے کی زرخیز میرا، ہلکی میرا اور ریتلی زمین کا انتخاب کریں۔ زمین کی تیاری کیلئے 1 یا 2 مرتبہ عام ہل چلا کر سہاگہ دے دیں۔ عام جسامت کے دانوں والی اقسام کا 30کلو گرام جبکہ دیسی اور کابلی چنے کی موٹے دانوں والی اقسام کا 35 کلوگرام صاف ستھرا، خالص اور صحتمند بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

چنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85 ہزار سے 95ہزار فی ایکڑ رکھیں۔بہتر پیداواری صلاحیت کی حامل اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی دیسی اقسام بٹل 98 ، پنجاب 2008- ، بلکسر2000- ، ونہار 2000-، سی ایم 98، تھل 2006 اور بھکر 2011 جبکہ کابلی چنے کی ترقی دادہ اقسام نور 2013 ، نور 91، نور 2009 اور سی ایم 2008 کاشت کریں ۔ فصل کیلئے نائٹروجن اور فاسفورس کی مطلوبہ مقدار حاصل کرنے کیلئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی یا آدھی بوری یوریا + ڈیڑھ بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ یا ایک بوری نائٹروفاس + ایک بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ یا آدھی بوری یوریا + چار بوری سنگل سپر فاسفیٹ (18 فیصد) فی ایکڑ بوائی سے قبل زمین کی تیاری کے وقت استعمال کریں۔

چنے کی کاشت بذریعہ ڈرل یا پور کریں تاکہ بیج کی روئیدگی اچھی ہو۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30 سینٹی میٹر (ایک فٹ) اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 15 سینٹی میٹر (6انچ) رکھیں۔ ترجمان نے مزید ہدایت کی ہے کہ کاشتکار کاشت سے پہلے بیج کو 6 سے 8 گھنٹے بھگو کر تھوڑی دیر کے لئے خشک کر کے بیجائی کریں تو اس سے اگاؤ بہتر ہو گا۔چنے کی فصل کیلئے موسم سرما کی معمولی بارشیں کافی ہوتی ہیں تاہم آبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں خصوصاً پھول آنے پر اگر فصل سوکا محسوس کرے تو ہلکا سا پانی لگا دیں۔ کابلی چنے کیلئے پہلا پانی کاشت کے 45 دن بعد اور دوسرا پھول آنے پر دیں۔ ستمبر کاشتہ کماد میں چنے کی کاشتہ فصل کو کماد کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کر یں۔

متعلقہ عنوان :