تمام سر کاری محکموں سے معذور کوٹہ کی خالی آسامیوں پر معذورافراد کی بھرتی کاعمل فوری مکمل کیاجائے‘عامر اعجاز اکبر

جمعہ 18 ستمبر 2015 22:44

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) ضلع بھر کے تمام سر کاری محکموں سے معذور کوٹہ کی خالی آسامیوں کی تفصیلات اکٹھی کرکے ان نشستوں پر فوری طور پر میرٹ پر معذورافراد کی بھرتی کاعمل مکمل کیاجائے ،ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر عامر اعجاز اکبر نے پاکستان ڈیف ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ،گونگے بہرے افراد کے ایک وفد نے صدرپاکستان ڈیف ایسوسی ایشن چوہدری اشفاق احمدگجراورصدرڈیف ایسوسی ایشن ٹوبہ چوہدری فاروق احمدکی سربراہی میں معذور کوٹہ پر سرکاری محکموں میں بھرتی کے حوالہ سے ڈی سی او عا مر اعجاز اکبر سے ملاقات کی،اس موقع پر پر ڈی او سی جاوید اختر چوہدری ، اسسٹنٹ کمشنر واصف بشیر کھوکھر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ، ڈی سی او عامر اعجاز اکبر نے ڈیف کے وفد کو آگاہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لئے حکومت نے تین فیصدکوٹہ مختص کیا ہے اور اس کوٹہ پر گونگے بہرے اور جسمانی معذور افراد کو صرف اورصرف میرٹ پر ملازمت دی جائے گی ،عامر اعجاز اکبر نے بتایا کہ ڈی سی او آفس میں معذور کوٹہ کی دوخالی نشستوں پر بھرتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں ایک معذور لڑکی کو بھی ملازمت دی گئی ہے اوران کو تقرر نامے جاری کئے جا چکے ہیں، انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کسی سفارش کو قبول نہ کیاجائے اور حقدار کو اس کا حق دیا جائے ،ڈی سی او نے کہا کہ معذور افراد کے کوٹہ میں گونگے بہرے افراد کی درخواستوں کو بھی شامل کیا جائے اور ان میں سے بہترین اور قابل افراد کو میرٹ پر ملازمت دی جائے، معذوروں کے لئے مختص3فی صد کوٹہ پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا اور کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی،ڈی سی او عا مر اعجاز اکبر کی طرف سے سرکاری محکموں میں معذورکوٹہ پر میرٹ اور فوری بھرتیوں کی یقین دہانی پر گونگے بہرے افراد نے ان کے حق میں نعرے لگائے ۔