پیما کراچی کی ورکنگ کونسل کی جناح اسپتال میں ہڑتال کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار

ہفتہ 19 ستمبر 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) پیما کراچی کی ورکنگ کونسل نے جسکی صدارت ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کی جناح اسپتال میں ہڑتال کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے ہڑتال کی وجہ سے متاثر ہونے والے مریضوں کی حالت زار کی طرف توجہ دلاتے ہوئے پیرامیڈکل اسٹاف سے ہڑتال مؤخر کرنے کی درخواست کی ۔انہوں نے کہا کہ جناح اسپتا ل میں آنے والے مریض زیادہ تر انتہائی غریب ہوتے ہیں جوکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں اپنا علاج معالجہ نہیں کرواسکتے ہیں ۔

اور مجبوراً انہیں سرکاری اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے مگر ہڑتا ل کی وجہ سے ان مریضوں کے مسائل بڑھتے چلے جارہے ہیں جوکہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ شعبہ ٔ طب انتہائی مقدس اور قابل احترام شعبہ ہے جو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف ہے اور اس پیشے سے وابستہ افراد کا یہ فرض ہے کہ مریضوں کا علاج معالجہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ جائز حقوق نہ ملنے پر ڈاکٹرز اور پیرا میدیکل اسٹاف میں شدید بددلی اور مایوسی کی کیفیت طاری ہے چنانچہ پیما کراچی جناح اسپتال کی انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ ان معاملات کو فی الفور درست کیا جائے اور انکے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے ۔

دورسری جانب پیرا میدیکل اسٹاف بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی ہڑتال ختم کردیں ۔

متعلقہ عنوان :