پاکستان،سعودی عرب دفاع کے شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنے اور دہشتگردی کیخلاف تعاون پر متفق

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سعودی اورکویت کے وزیرخارجہ سے ملاقات علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو

اتوار 27 ستمبر 2015 11:59

پاکستان،سعودی عرب دفاع کے شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنے اور دہشتگردی ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 ستمبر۔2015ء) پاکستان اور سعودی عرب نے دفاع ' تجارت اور قانون کے نفاذ کے شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات میں ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ کثیر جہتی دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور علاقائی اور عالمی صورتحال خصوصاًیمن اور افغانستان کے بارے میں بات چیت کی۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا۔سرتاج عزیز نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاک بھارت تعلقات اور کنٹرول لائن اورورکنگ باؤنڈری کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے منیٰ میں المناک سانحے پر تعزیت کی۔سرتاج عزیز نے کویت کے وزیرخارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے موجودہ باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور انسداد دہشت گردی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون میں بہتری کے امکانات کی نشاندہی کی انہوں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی طرف سے لاحق دہشت گردی کے خطرات پر بھی تشویش ظاہر کی اور عراق اور یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مسلم امہ میں اتحاد کومستحکم کرنے کے مختلف طریقوں پر بھی بات چیت کی۔