آملہ کی کاشت فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت

منگل 29 ستمبر 2015 16:00

فیصل آباد ۔29 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء)محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے آملہ کی کاشت فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار آملہ کی کاشت جلد از جلد مکمل کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ آملہ کے پودے ماہ اکتوبر میں بذریعہ ٹی بڈنگ پیوند کئے جاتے ہیں اور نئے پودے لگانے کا عمل بھی اکتوبر میں میں مکمل کرلیاجاتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ آملہ کی کاشت ریتلی میرا اور بہتر نکاس والی زمین میں کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، مشاورت ، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔ آملہ کاپھل طبی نقطہ نظر سے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے پھل میں وافر مقدار میں وٹامن سی پایا جاتاہے جبکہ اس کا مربع دل ، دماغ ، بصار ت کیلئے بھی انتہائی مفید ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ آملہ کا درخت خوبصورت اور درمیانے قدکا ہوتاہے جس پر گول بیر کی طرح پھل لگتاہے ۔