پنجاب میں نجی اسکولوں کی فیسوں کا معاملہ تاحال زیرالتوا ء

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 16:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)پنجاب میں نجی اسکولوں کی فیسوں کا معاملہ تاحال زیرالتوا ء ہے ،سکول مالکان کی طرف سے فیسیں واپس کرنے کے معاملے پر ٹال مٹول ، والدین نے بھی احتجاج کی تیاریاں کر لیں ۔تفصیلات کے مطابق کبھی احتجاج اور کبھی مذاکرات ، ان دنوں بچوں کو اچھے تعلیمی اداروں میں پڑھانے کے لیے والدین کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں،فیسیں واپس کرنے کے حکومتی احکامات پر بھی عملدرآمد ہوتے دکھائی نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ سکول مالکان سے فیسیں واپس کرنے کا مطالبہ کرنے پر ٹال مٹول کی جاتی ہے،بڑے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان ٹیکسز،اساتذہ کی فیسوں اور بچوں کی سہولیات کے اخراجات کا بہانہ بناتے ہوئے فیسیں واپس کرنے کے احکامات مسترد کرچکے ہیں اور کہتے ہیں مفت تعلیم کا دعویٰ کرنے والی حکومت اب تعلیمی اداروں کو تالے ہی لگادے۔حکومت سکول مالکان اور والدین کے درمیان جاری معاملہ بچوں کے تعلیمی استحصال کا باعث بن رہا ہے۔ جبکہ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر معاملہ سلجھائے تاکہ بچوں کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔