پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات بغیر نتیجہ ختم، فریقین کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ، مذاکرات کا اگلا دور (کل) دوبارہ ہوگا،چار روز سے جاری تنازع کے باعث اب تک درجنوں پروازیں منسوخ ہونے سے قومی ایئر لائن کو کروڑوں کا نقصان

اتوار 4 اکتوبر 2015 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4اکتوبر۔2015ء) پاکستان ایئرلائن اور پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے،تاہم دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا ہے،پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور (کل) پیرکو دوبارہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سے اسلام آباد میں پالپا کے وفد نے ملاقات کی اور پی آئی اے کے حالیہ بحران کے حل کے لئے اپنے مطالبات سے انہیں آگاہ کیا تاہم ڈھائی گھنٹے تک جاری بات چیت کے دوران کوئی حل نہ نکل سکا اور ایک مرتبہ پھر حکومت اور پالیا کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا اور مذاکرات کا عمل بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا،تاہم دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکنے پر اتفاق کیا گیا ہے،پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور (کل) کو پیر دوبارہ ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پالپا اور پی آئی اے حکام کے درمیان چار روز سے جاری تنازع کے باعث اب تک درجنوں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جب کہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں، چار روز کے دوران اب تک 60 پروازیں منسوخ ہونے سے ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے جب کہ ایڈوانس بکنگ کرانے والے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی و تاخیر اور مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کی وجہ سے جہاں پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے، ادھرمسافروں کی پریشانی سے قطع تعلق نجی ایئرلائنز نے اندرون اور بیرون ملک اپنی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :