راولپنڈی، میٹرو بس کا پل افتتاح کے چار ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، پتھر گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں‘ سات دنوں کے اندر واقعے کی تحقیقات اور جاں بحق شخص کے لواحقین کو امداد دی جائے گی‘ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘ حنیف عباسی پہلے ہی کہا تھا کہ میٹرو بس گلے پڑے گی‘ حادثے کا ذمہ دار شہباز شریف اور حنیف عباسی ہیں‘ میٹرو بس آگے اس سے بھی بڑے حادثے کا سبب بنے گی، شیخ رشید احمد

اتوار 18 اکتوبر 2015 16:08

راولپنڈی، میٹرو بس کا پل افتتاح کے چار ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اکتوبر۔2015ء) جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس کے پل افتتاح کے چار ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے‘ مریڑ چوک پر میٹرو پل سے گرنے والے پتھر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا‘ حنیف عباسی نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں‘ سات دنوں کے اندر واقعے کی تحقیقات اور جاں بحق شخص کے لواحقین کو امداد دی جائے گی‘ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ میٹرو بس گلے پڑے گی‘ حادثے کا ذمہ دار شہباز شریف اور حنیف عباسی ہیں‘ میٹرو بس آگے اس سے بھی بڑے حادثے کا سبب بنے گی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو مریڑ چوک پر میٹرو بس پل سے صبح آٹھ بجے کے قریب پتھر ٹوٹ کر گر گیا جو نیچے جاتے موٹر سائیکل سوار کے سر پر جا لگا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

زخمی نیاز احمد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ پانچ گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش ممیں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ پل گرے گا‘ میٹرو بس کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی بسیں پل کے بغیر بھی چل سکتی تھیں لیکن انہوں نے اپنا کمیشن بنانے کے لئے یہ سارا ڈرامہ کیا جس کا نتیجہ مری روڈ پر ہر وقت کی ٹریفک جام اور اس طرح کے حادثات کی صورت میں شامنے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی اصل وجہ صفائی کا ٹھیکہ غیر ملکی کمپنی کو دینا ہے راولپنڈی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں ہمارے ہسپتال تعمیر ہونے والے ہیں لیکن (ن) لیگ کو صرف میٹرو بس کی پڑی ہے پہلے کہا تھا کہ میٹرو بس ان کے گلے پڑے گی اور اس کرپشن کے نتیجے میں یہ سب جیل جائیں گے۔ میٹرو بس پر پچاس ارب روپے لگایا گیا لیکن ابھی بھی اس کی مرمت کا کام جاری ہے۔

حادثے کے ذمہ دار شہباز شریف اور حنیف عباسی ہیں میٹرو بس اس سے بھی بڑے حادثے کا سبب بنے گی۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتھر گرا ہے کوئی پلر نہیں۔ میٹرو پلوں کی جوائنٹ اتنی بھی کمزور نہیں ہے شعبدہ بازوں اور آگ لگانے والوں سے بچا جائے واقعے کی سات دن کے اندر اندر انکوائری ہوگی اور جو ذمہ دار ہوگا اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن کہیں بھی میٹرو بند نہیں ہوتی سات دنوں کے اندر اندر جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چاندنی چوک پر بھی میٹرو پل سے پتھر ٹوٹ کر گاڑی پر گرا تھا تاہم خوش قسمتی سے کار سوار محفوظ رہا تھا۔