پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے 3ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں،وزیراعلیٰ سند ھ کی محکمہ پولیس کو ہدایت

بدھ 28 اکتوبر 2015 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) سندھ حکومت 3 نومبر سے 4روزہ انسداد پولیو مہم شروع کر رہی ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے 3ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں، فیصلہ بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔

اجلاس میں ایم این اے ڈاکٹر عذرا پیچوہو،شہناز وزیر علی،چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سیکریٹری صحت سعید احمد منگنیجو، پولیو کے خاتمے کے پروگرام ڈائریکٹر عثمان چاچڑ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وہ 3سے 6نومبر تک انسداد پولیو مہم کا آغاز کر رہے ہیں، جس کیلئے انہیں سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے چند مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کو پولیو ٹیمز کی سیکیورٹی کیلئے 3ہزار پولیس اہلکارتعینات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ نہ صرف پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی چاہتے ہیں بلکہ انکے کیلئے ٹرانسپورٹ اور لنچ کا بھی بندوبست کیا جائے جس کیلئے پولیو پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فنڈز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے بہت ہی سنجیدہ ہیں اور ہم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو کو بھی ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور نومبر کے تیسرے ہفتے میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے فیز کے آغاز کیلئے بھی انکی سیکیورٹی کا بندوبست کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :