لوڈ شیڈنگ کے مستقل خاتمہ کے لیے کالا باغ ڈیم ناگزیرہے، ناصر رمضان گجر

بجلی کی پیداوار میں مزید کمی کے بعد لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ میں6گھنٹے تک بڑھانا تشویشناک ہے،سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ لاہور

ہفتہ 14 نومبر 2015 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے مستقل خاتمہ کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے انہوں نے بجلی کی پیداوار میں مزید کمی کے بعد لو ڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6گھنٹے تک بڑھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود تاحال بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہ ہوسکے اقتدار میں آنے سے قبل6ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے دعویداروں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے ۔

اب کاسا1000معاہدے کے تحت بیرون ممالک سے بجلی خریدنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈبجلی حکومت اور عوام استعمال کرنے کی مزید سکت نہیں رکھتے ،بجلی اتنی مہنگی ہوچکی ہے کہ بجلی کے بل دیکھ کر عوام ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں کالا باغ ڈیم ہوتا تو قومی معیشت قومے میں نہ ہوتی اور پاکستان کو آئی ایم ایف جیسے اداروں کے سامنے قرض کے حصول کیلئے ہاتھ نہ پھیلانے پڑتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بنائے بغیر سستی بجلی حاصل نہیں ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ لاہور کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ناصر رمضان نے کہا کہ توانائی کے بحران اور بجلی گیس کی امتیازی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گزشتہ 3 سالوں میں پنجاب میں زرعی اور صنعتی پیداوار کم ہوچکی ہے صنعتوں کی بندش کی وجہ سے بیروزگاری اور خودکشیاں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے کالا باغ ڈیم ہی اکسیر نسخہ ہے۔کالا باغ ڈیم سیاست کی نذر ہونے سے ہر برس 560 ارب کا نقصان ہو رہا ہے ۔یہ پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے ،کالا باغ ڈیم آج شروع ہو تو 4 سال میں مکمل ہو جائے گا ، ڈیڑھ روپے فی یونٹ والی 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی ،تھرمل بجلی پر انحصار کم نہ کیا تو یہ بدبختی ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :