پیرس، خود کش بمبار دہشت گرد کا والد اور بھائی گرفتار،مارے جانے والوں میں سات دہشت گرد بھی شامل ہیں، ایک حملہ آور فرانسیسی شہری تھا، پراسیکیوٹر جنرل فرانسو مولان

اتوار 15 نومبر 2015 21:35

پیرس، خود کش بمبار دہشت گرد کا والد اور بھائی گرفتار،مارے جانے والوں ..

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2015ء) فرانسیسی پولیس نے باٹا کلان تھیٹر پر خود کش حملہ کرنے والے ایک مبینہ دہشت گرد کے والد اور بھائی کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔میڈیا کے مطابق پولیس نے باٹا کلان تھیٹر میں خود کش بم حملے کرنے والے دو دہشت گردوں میں سے ایک کے والد کے گھر "رومیی سورسین" کے مقام پر چھاپہ مارا جہاں سے دہشت گرد کا والد حراست میں لیا گیا جب کہ پیرس میں "بونڈوفل" کے مقام پر خود کش بمبار کے ایک بھائی کے گھر کی تلاشی لی گئی جہاں سے اس کے بھائی سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اتوار کو پیرس کے پراسیکیوٹر جنرل فرانسو مولان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت کے مختلف مقامات پر ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 129 ہے جب کہ 352 زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

مسٹر مولان نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ بننے والے 99 زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ مارے جانے والوں میں سات دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

ان میں سے چھ دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ایک حملہ آور فرانسیسی شہری تھا جو برسلز میں رہائش پذیر تھا۔ فرانس اور بیلجیم کی سرحد پر تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تاہم ان کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا ان کا کسی دہشت گرد گروپ سیکوئی تعلق ہے یا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فرانسو مولان کا کہنا تھا کہ باٹا کلان تھیٹر سے گولیوں کے سیکڑوں خول ملے ہیں۔ ان میں سے بیشتر خول کلاشنکوف کی گولیوں کے ہیں۔ وہاں سے ایک خود کش جیکٹ اور ایک شامی پاسپورٹ بھی ملا ہے۔ اس پاسپورٹ پر درج نام فرانسیسی انٹیلی جنس کے کسی ریکارڈ میں درج نہیں ہے، تا حال وہ گمنام شخص ہی بتایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :