آصف علی زر داری کی رہائی کا فیصلہ ‘ پیر اعجاز شاہ بھی عدالت میں موجود تھے

منگل 24 نومبر 2015 14:01

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء)سابق صدر آصف علی زر داری کی رہائی کے بارے میں پیش گوئی پہلے ہی ان کے پیر اعجاز شاہ نے کر دی تھی جو احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد سچ ثابت ہوگئی جبکہ دلچسپ امر یہ ہے کہ سابق صدر کے پیر مقدمہ کا فیصلہ سنائے جانے کے وقت خود بھی عدالت میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

منگل کو سابق صدرآصف علی زرداری کیخلاف مقدمات کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ‘ اس موقع پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ کے نائیک کے ہمراہ ان کے پیر ، پیراعجاز شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے جہاں اپنے مرید کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔

عدالت نے مزید دومقدمات سے آصف زرداری کو بری کردیا جبکہ اْن کے پیر نے پہلے ہی کہہ دیاتھاکہ زرداری بری ہوجائیں گے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ زرداری کے دورصدارت میں بھی پیراعجاز شاہ زیادہ وقت ایوان صدر میں ہی رہتے رہے ہیں اور زرداری بھی ان کے مشوروں پر عمل کرتے رہے ۔ فاروق نائیک کی میڈیا سے گفتگوکے موقع پر بھی پیراعجاز شاہ موجود رہے اوراْن کے ہونٹ مسلسل حرکت کرتے رہے ۔