معیاری تعلیم کیلئے شہبازشریف کے رجحان ساز اقدامات کی تعریف برطانیہ میں بھی کی جاتی ہے،سر مائیکل باربر

ہفتہ 19 دسمبر 2015 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت ”پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب“ پروگرام پر پیش رفت کاجائزہ لینے سے متعلق اجلاس 3گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر نے علالت کے باعث لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

سرمائیکل باربر نے تعلیمی اصلاحات کے پروگرام کو انقلابی اور رجحان ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں شاندار کام ہو رہا ہے جس کی تعریف برطانیہ میں بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ہر بچے کو سکول داخل کرانے کے اہداف کے حصول کیلئے شہبازشریف ذاتی نگرانی کر رہے ہیں اور ہر اقدام کا خود جائزہ لے کر اس پر ہدایات جاری کرتے ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی اصلاحات کا پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس ضمن میں وزیراعلی شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ڈیفڈ کی نئی سربراہ جوانا ریڈ نے کہا کہ میں نے چند روز قبل پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں لیکن پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کے غیرمعمولی انداز سے بے حد متاثر ہوئی ہوں ۔ شہبازشریف نے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے قابل ستائش اقدامات کئے ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت تعلیمی اہداف کے حصول میں ضرورکامیاب ہو گی۔

متعلقہ عنوان :