صوبے کے تمام اساتذہ کی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ ڈگریوں اور دیگر تمام مطلوبہ دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے گی تاکہ جعلی دستاویزات پر بھرتی کئے گئے تمام نااہل اساتذہ کو ملازمت سے برخاست کرکے ان کی جگہ مستند اور اپنے مضامین پر عبور رکھنے والے اساتذہ کی بھرتی کی جاسکے،سیکریٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ کا اجلا س سے خطاب

بدھ 23 دسمبر 2015 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 دسمبر۔2015ء ) سیکریٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اساتذہ کی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ ڈگریوں اور دیگر تمام مطلوبہ دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے گی تاکہ جعلی دستاویزات پر بھرتی کئے گئے تمام نااہل اساتذہ کو ملازمت سے برخاست کرکے ان کی جگہ مستند اور اپنے مضامین پر عبور رکھنے والے اساتذہ کی بھرتی کی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ میں اصلاحات متعارف کرانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام اساتذہ کی دستاویزات کی چھان بین ہوگی، جعلی دستاویزات پر محکمہ تعلیم میں ملازمت اختیار کرنے والے اساتذہ کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے تمام امیدواروں کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سے گھوسٹ اساتذہ اور اسکولوں کے خاتمے کے بعد اساتذہ کی تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور یہ چھان بین ان تعلیمی اداروں سے کی جائے گی جن اداروں کی تعلیمی اسناد امیدواروں نے ملازمت کے حصول کے لئے محکمہ تعلیم میں جمع کرائی ہیں تاکہ پتہ چلے کہ آیا اساتذہ نے ملازمت کے حصول کے لئے جعل سازی تو نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعل سازی کرکے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی نوکری پر بھرتی ہونے والے امیدوار محکمہ پر بوجھ ہیں اور ایسے تمام امیدواروں سے چھٹکارا پالیا جائے گا تاکہ حکومت کی معیاری تعلیم کی فراہمی کی کوششوں کو بارآور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بھرتی کئے گئے این ٹی ایس کے 5000اساتذہ کی دستاویزات کی بھی مکمل چھان بین ہوئی اور اگر کسی بھی امیدوار نے جعل سازی کی ہوگی تو ایسے امیدواروں کی تعیناتی کو کالعدم قراردیا جائے گا۔ امیدواروں کے لوکل اور ڈومیسائل کی بھی چھان بین ہوگی تاکہ پتہ چلے کہ آیا وہ متعلقہ وارڈ/یونین کونسل سے تعلق رکھتا بھی ہے کہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :