وزیراعلیٰ سے کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ملاقات، آبپاشی، توانائی، انفراسٹرکچراور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب کے پانچ ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کریگا، لاہو رمیں بلیو یا پرپل لائن کیلئے فنانسنگ کرنے پر دلچسپی کا اظہار وزیراعلیٰ شہبازشریف تیزرفتاری اور شفاف طریقے سے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں جو کہ قابل تعریف ہے:کنٹر ی ڈائریکٹراے ڈی بی

بدھ 24 فروری 2016 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر ای لی پیج (Mr.Werner E.Liepach)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آبپاشی، توانائی، انفراسٹرکچر،شہری سہولتوں کی بہتری،واٹر مینجمنٹ،سیلاب سے بچاوٴ کے حوالے سے اقدامات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اس موقع پر لاہو رمیں بلیو یا پرپل لائن کیلئے فنانسنگ کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا بڑا پارٹنر ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پنجاب میں مختلف شعبوں میں منصوبوں پرکامیابی سے عملدر آمد ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پنجاب میں 5 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کے فیصلے کا خیر مقد م کرتے ہیں جبکہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بھی 5 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کررہی ہے۔اس طرح مجموعی طورپر صوبے کے دس ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے اوراس ضمن میں جو پروگرام شروع کیا گیا ہے اس پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری، پائیدار، باکفایت اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، لاہور کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس پراجیکٹس سے لاکھوں افراد روزانہ مستفید ہورہے ہیں جبکہ ملتان میں بھی میٹروبس پراجیکٹ پر کام جاری ہے اسی طرح لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ انتہائی تیزرفتاری سے چین کے تعاون سے مکمل کیا جارہا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے بلیو لائن یا پرپل لائن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنانسنگ کی فراہمی میں دلچسپی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بلیو اورپرپل لائن کی فزیبلٹی پر کام کررہی ہے جو کہ اگلے ماہ مکمل ہوجائے گی۔انہو ں نے کہا کہ معیاری ہنرمند افرادی قوت معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے او رمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے جاری ہے تاہم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پروگرام کو مزید وسعت دینا ہے اوراس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کے باعث سمارٹ ایریگیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،جس سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک اس ضمن میں تعاون کو مزید فروغ دے اورفریم ورک تیار کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مستقبل میں بھی سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات، آبپاشی واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں اشتراک جاری رہے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر ای لی پیج نے پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری پروگرامز پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا اورکہا کہ بینک پنجاب کے پانچ ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کرے گاجبکہ مستقبل میں بھی پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف انتہائی تیزرفتاری اور شفاف طریقے سے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں جو کہ قابل تعریف ہے۔پنجاب حکومت کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلشن شپ ہے ۔صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

متعلقہ عنوان :