ڈاکٹر علی لاریجانی کی برسلز دھماکوں کی مذمت

جمعرات 24 مارچ 2016 22:58

تہران ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے برسلز دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند گروہوں کے لئے مالی مدد اور ہتھیاروں کی فراہمی اور ان گروہوں کے بارے میں دوہرے معیار کی پالیسیوں نیز مغربی ایشیا کے ملکوں کے داخلی معاملات میں بڑی طاقتوں کی مداخلت کی ہی وجہ سے پچھلے برسوں کے دوران دہشت گرد گروہوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات یورپی پارلیمان کے سربراہ مارٹین شولٹیز کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی۔انہوں نے مزیدکہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے عالمی برادری کے مشترکہ عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے یہ بھی کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری متحد ہو جائے تو دنیا میں امن و سکون قائم ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ منگل کو برسلز میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں 34 افراد ہلاک اور250 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ ان بم دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔