دولت،اقتدار کی ہوس نے حکمرانوں کو در بدر کردیا،وزیراعظم کے پاس برقرار رہنے کا جواز نہیں، پیر معصوم نقوی

پانا لیکس پر سپریم کورٹ از خود نوٹس لے کرکے پیپلز پارٹی ، ن لیگ کے لئے دوہرے معیار کا ازالہ کرے، کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 15 اپریل 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ دولت اوراقتدار کی ہوس نے حکمرانوں کو در بدر کردیا ہے۔ قوم کا اتفاق ہے کہ پانا ما لیکس کے انکشافات کے بعد وزیراعظم کے پاس اخلاقی اور آئینی طور پر عہدے پر برقرار رہنے کا جواز ختم ہوچکا ہے۔جمعیت سیکرٹریٹ کینال ویومیں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور حکومت میں سپریم کورٹ نے اس وقت کے وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے عدالتی چکر لگوائے اور ہر چھوٹے بڑے مسئلے پر از خود نوٹس کے تحت کارروائی ہوتی رہی ،حتیٰ کہ میمو گیٹ سکینڈل میں ریاستی مشینری متحرک کردی گئی تھی۔

اب حکمران خاندان کی منی لانڈرنگ اور کرپشن کے میگا سکینڈل سامنے آچکے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان کو از خود نوٹس لے کر احتساب کی اچھی مثال اور دو جماعتوں کے لئے انصاف کے دوہرے معیار کا ازالہ کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ورنہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے اپنے لئے انصاف کے الگ تقاضے کا واویلا درست ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں شائستگی اور شرافت ہونی چاہیے، کسی پر تنقید بھی ہوتو اس میں اخلاقی پہلو نظرانداز نہیں ہونا چاہیے۔

قوم سیاستدانوں کو ووٹ اپنے نمائندے کے طور پر دیتی ہے۔ لیکن جب غیر آئینی اور نامناسب اقدامات سامنے آتے ہیں تو لوگ اپنے کئے پر شرم محسوس کرتے ہیں۔ جے یو پی نیاز ی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان وفاقی پارلیمانی نظام کے ذریعے چلایا جارہا ہے، اگر ایک صوبے کی برتری ہوگی تو چھوٹے صوبوں میں احساس کمتری فطری بات ہے۔ ان کی شکایات کا ازالہ ہونا چاہیے۔