این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی اساتذہ کا درگئی بازار میں سروس مستقلی کے لئے احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:57

درگئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی اساتذہ کا درگئی بازار میں سروس مستقلی کے لئے احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں بینرز اورپلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ صوبائی حکومت سے سروس مستقلی، سکول بیسڈ پالیسی ، ایڈ ہاک ازم اور کنٹریکٹ پالیسی کے خاتمے کے مطالبات تفصیلات کے مطابق این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی اساتذہ نے گورنمنٹ ذیشان شہید ہائی سکول سے احتجاجی ریلی نکالی اوردرگئی بازار میں سروس مستقلی محکمہ تعلیم سے سکول بیسڈ پالیسی ، ایڈ ہاک ازم اور کنٹریکٹ پالیسی کے خاتمے جیسے مطالبات کے حق میں احتجاجی واک کیا۔

احتجاجی واک میں شریک این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی پی ایس ٹی ، سی ٹی ، ایس ایس ٹی ، اے ٹی ، ، ڈی ایم ،ٹی ٹی اور دیگر کیڈر کے اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرہ کی قیادت این ٹی ایس اساتذہ کے تنظیم کے صدر سکندر خان ، جنرل سکرٹری محمود علی ، فضل علی ، فضل حق، انعام الحق ، محمد نعیم ، نعمان خان ، منیر احمد اور دیگر کررہے تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ این ٹی ایس پاس میرٹ کے ذریعے بھرتی مختلف کیڈر کے اساتذہ کرام کی سروس صرف ایک سالہ مدت کے لئے منظور نہیں اور وزیر علیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا، ، تحریک انصاف کے قائد عمران خان ، صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، صوبائی سینئر وزرا سکندر خان شیر پاؤ، عنایت اﷲ خان اور دیگر متعلقہ حکام سے پر زور اپیل کی کہ وہ ان کے حقوق کی تحفظ یقینی بنائیں اور ان کی سروس مستقل کی جائے انہیں پنشن گریجویٹی کے حقوق دئے جائیں ۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت سکول بیسڈ پالیسی کا خاتمہ یقینی بنائیں اور محکمہ تعلیم سے ایڈ ہاک ازم اور کنٹریکٹ پالیسی ختم کرکے اساتذہ کو مستقل بنیادوں پر کام کرنے دیں ۔