رائے ونڈ ،جاپان پلٹ نوجوان کے گھر میں چوری کی واردات

جمعرات 5 مئی 2016 14:36

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)گلی عاطف سبزواری میں جاپان پلٹ نوجوان کے گھر میں چوری کی واردات ،نامعلوم چور لاکھوں روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی سمیت تین موبائل فون اور قیمتی طلائی گھڑی چرا کر فرار ہوگئے، پولیس نے الیکٹریشن کا کام کرنے والے نوجوان اور ایک دوسرے کاریگر کو بھی شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا جو پچھلی رات گھر میں کام کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق صحن غلہ منڈی کارہائشی رانا اسحاق خاں عرصہ 20سال سے بیرون ملک جاپان میں اپنا کاروبار کر رہا ہے، ہفتہ قبل وہ اپنے اہل خانہ سے ملنے پاکستان واپس آیا،گذشتہ شب وہ اپنے بیوی بچوں سمیت گھر میں سویا ہواتھا کہ نامعلوم چور گھر کے پچھلی جانب زیر تعمیر دکانوں سے چڑھ کر چھت کے راستہ گھر میں داخل ہو گئے اور سیف الماری میں موجودگیارہ لاکھ پچاس ہزار روپے پاکستانی کرنسی چار لاکھ روپے جاپانی ین ،ایک لاکھ 75ہزار روپے مالیت کے تین موبائل فونز سیٹ اور طلائی گھڑی چرا کر فرا رہو گئے ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے صبح جاگنے پر گھر میں سامان بکھرا پایا تو پولیس کو اطلاع کی جس پر ایس ایچ او رائیونڈ نصرالله چٹھہ اور جمیل احمد اے ایس آئی دیگر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے،فرانزک لیب کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔رانا اسحاق خان کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے الیکٹریشن کا کام کرنے والے نوجوان اور ایک دوسرے کاریگر کو بھی شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا جو پچھلی رات گھر میں کام کررہے تھے۔