اریگیشن سسٹم کی بحالی و تجدید کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی سکیمیں طے شدہ ٹائم فریم میں مکمل کر لی جائیں‘یاور زمان

ترقیاتی منصوبہ جات اپنے ٹائم فریم کے اندر رہتے ہوئے مکمل کئے جائیں سینئر انجینئر ز ترقیاتی کاموں کا خود معائنہ کریں

جمعرات 5 مئی 2016 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئر مین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ اریگیشن سسٹم کی بحالی و تجدید کے سلسلہ میں جاری ترقیاتی سکیمیں طے شدہ ٹائم فریم میں مکمل کر لی جائیں،کوالٹی برقرار رکھنے کے لئے سینئر انجینئر زتعمیراتی کاموں کی براہ راست نگرانی یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) کیپٹن (ر) بشیر احمد کے علاوہ تمام زونل چیف انجینئرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی کی جانب سے صوبائی وزیر کو ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر آبپاشی کو بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام کینال زونز بشمول پوٹھوہار میں ترقیاتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں سال 131 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جن میں 59 نئی جبکہ 12بین الاقوامی تعاون سے چلنے والی سکیمیں شامل ہیں۔ اس ترقیاتی پروگرام پر رواں برس کے دوران 35 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ لوئر باری دوآب کینال امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت 78 فیصد کام مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

اسی طرح ڈرینج اینڈ فلڈ زون کی جانب سے 70 فیصد ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کر لی گئی ہیں جو کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 100 فیصد مکمل ہو جائیں گی۔صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات اپنے ٹائم فریم کے اندر رہتے ہوئے مکمل کئے جائیں جبکہ سینئر انجینئر ز ترقیاتی کاموں کا خود معائنہ کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کام کی رفتار میں غفلت یا کوالٹی برقرار نہ رکھنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ فنڈز کے استعمال میں شفافیت ہر صورت برقرار رکھی جائے۔