عوامی تحر یک کے سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی میں اضافہ کے خلاف قرارددیں منظور کی گئیں

جدہ کی سٹیل مل کامیابی سے چلانیوالے پاکستان کی ہر مل دیوالیہ کرنے کے ذمہ دار ہیں‘ حکمران خاندان پانامہ لیکس کی روشنی میں خود کو احتساب کیلئے پیش کرے‘وزیر اعظم احتساب سے بچنے کیلئے شہر شہر گھوم رہے ہیں ، 30 سال سے خوشحالی کے دعوے کئے جا رہے ہیں ‘،ڈاکٹر طاہر القادری

جمعہ 6 مئی 2016 22:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنی تقریروں میں ہر بات کرتے ہیں مگر پانامہ لیکس کے انکشافات کا جواب نہیں دیتے ، حکمرانوں کی خدمات غیر ملکی بنک بھرنا اور مشکوک دولت سے کھربوں کی جائیدادیں بنانا ہے،جدہ کی سٹیل مل کو کامیابی سے چلانے والے پاکستان کی ہر مل کو دیوالیہ کرنے کے ذمہ دار ہیں ۔

30سال پہلے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے دعوے کرنیوالے آج بھی وہی دعوے دھرا رہے ہیں ،غریب کو موٹر وے کے لالی پاپ نہیں بجلی،روزگار اورانصاف چاہیے ۔ 3سال قبل بھی مئی کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تھا آج بھی اتنا ہی ہے ، وزیر اعظم اپنے اور خاندان کے احتساب سے بچنے کیلئے شہر شہر بھاگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ظالم نظام اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ایبٹ آباد جیسے انسانیت سوز واقعات جنم لے رہے ہیں ۔

عنبرین کو زندہ جلانے والے ظالموں کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ،خرم نواز گنڈا پور،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ، نور اللہ صدیقی ،ساجد بھٹی ،احمد نواز انجم ،قاضی فیض الاسلام و دیگر رہنماء موجود تھے،سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے لوڈشیڈنگ اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ حکمران خاندان پانامہ لیکس کے انکشافات کی روشنی میں خود کو احتساب کیلئے پیش کرے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 21ویں صدی میں ایسے ظلم کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ،لیکن غربت ،جہالت، پسماندگی ،دہشتگردی اور قوم پر مسلط نااہل حکمرانوں کی وجہ سے اس دور جدید میں بھی ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ رہے ہیں ۔