واپڈا سمیت31 صنعتی و تجارتی ادارے سوئی سدرن گیس کمپنی کے 114 ارب ڈکار گئے

ڈیفالٹر میں کے الیکٹرک 60 ارب، واپڈا 4ارب ،پاکستان سٹیل 41 ارب کے ساتھ سرفہرست ، وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کا دستا ویزی رپورٹ میں انکشاف

اتوار 15 مئی 2016 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مئی۔2016ء) وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے سامنے آنے والی دستا ویزی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ واپڈا سمیت31 صنعتی و تجارتی ادارے سوئی سدرن گیس کمپنی کے 114 ارب ڈکار گئے ہیں ،ڈیفالٹرز رپورٹ کے مطابق 31مارچ 2016 تک سوئی سدرن گیس کمپنی کے 31ڈیفالٹ کرنے والے صنعتی صارفین کے ذمہ 114 ارب کے بقیاجات واجب الادا ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سٹیل سے 41ارب، ڈی ایچ اے ڈی سالینیشن پلانٹ(آئی پی پی) سے 2 ارب جبکہ حسین انڈسٹری سے 122 ملین کی ریکوری کیلئے عدالت میں پٹیشن دائرکی گئی ہیں۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2009-10 سے 2015-16 تک کیپٹو پاور، کیپٹو ٹیکسٹائل، سی این جی اور جنرل انڈسٹری کے کل 1530صنعتی صارفین کی جانب سے 23608 ایم ایم سی ایف کی گیس چوری کی گئی جس کی لاگت 13 ارب ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیپٹو پاور، کیپٹو ٹیکسٹائل، سی این جی، جنرل انڈسٹری اور ٹیکسٹائل کے 4519 صنعتی صارفین کے ذمہ 93ارب کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔