کیمیکل / رنگ لگی ہوئی دال، چیکو یا ادرک یا غیر معیاری کھانے کا تیل یا دیگر ایسی اشیاء فروخت کی گئیں تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ڈویژنل کمشنر

پیر 30 مئی 2016 23:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) ڈویزنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز نے تاجروں اور مل مالکان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمیکل / رنگ لگی ہوئی دال، چیکو یا ادرک یا غیر معیاری کھانے کا تیل یا دیگر ایسی اشیاء فروخت کی گئیں تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ لوگوں کی صحت اور فلاح کیلئے کثیر الجہتی ایجنڈا پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کو نہ صرف چالان کیا جائیگا بلکہ انہیں گرفتار بھی کیا جائیگا، تفصیلات کے مطابق ڈویزنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز کی زیر صدارت ان کے آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دال مل ایسو سی ایشن سائیٹ ایریا حیدرآباد کے وفد نے کمشنر کو اس بات کا یقین دلایا کہ لوگوں کی صحت کیلئے مستقبل میں دال کو بغیر رنگ کے علاوہ فروخت کرینگے، تاکہ انسانی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، اس موقع پر ڈویزنل کمشنر نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ لوگوں کی صحت اور فلاح کیلئے کثیر الجہتی ایجنڈا پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کو نہ صرف چالان کیا جائیگا بلکہ انہیں گرفتار بھی کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ مضر صحت اشیاء استعمال نہ کرنے سے نہ صرف لوگوں کے ہیلتھ بل میں کمی کے علاوہ لوگوں کی صحت بھی بہتر رہے گی اور معیار زندگی بھی بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ رمضان میں اشیاء کی قیمتوں کی چیکنگ کے دوران اگر کسی بھی ریٹیلرز یا ہولسیلر سے اگر کیمیکل / رنگ لگی ہوئی دال، چیکو یا ادرک یا غیر معیاری کھانے کا تیل یا دیگر ایسی اشیاء ملیں تو انکے خلاف قانون حرکت میں آئیگا، جس کے تحت سخت اقدامات اٹھا کر انہیں گرفتار کیا جائیگا کمشنر نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کو صاف اور معیاری خوراک مہیا کریں نا کہ ایسی اشیاء مہیا کریں جس کے استعمال سے لوگ بیمار ہوں ۔

ڈویزنل کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایت کی کہ جب تک اسسٹنٹ کمشنرز کو مئجسٹریٹ کے پاور ملیں اس وقت تک میونسپل انسپیکٹرز کے ذریعے ریٹیلرزاور ہولسیلرز کی دکانوں پر چھاپے مار کر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں شعور لانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اس موقع پر کمشنر نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ سائیٹ ایریا کی تمام ملوں میں انوائرونمینٹ مینئجمینٹ پلان ضروری ہے جس کے تحت مل سے خارج ہونے والے فضلے کو ٹریٹ کر کے خارج کیا جا سکے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد سجاد حیدر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شکیل ابڑو ،چیئر مین سائیٹ ، دال مل ایسو سی ایشن سائیٹ ایریا حیدرآباد کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :