ججز دراصل زمین پر اللہ کے نائب ہوتے ہیں، انصاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے دینے چاہیئے تاکہ معاشرے کو بگاڑ سے بچایا جاسکے،جسٹس جمال خان مندوخیل

ہفتہ 4 جون 2016 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جون۔2016ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ سے منسلک ججز دراصل زمین پر اللہ کے نائب ہوتے ہیں ججز کو انصاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے دینے چاہیئے تاکہ معاشرے کو بگاڑ سے بچایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کے زیراہتمام صوبے کے سینئر سول ججز کے لئے منعقدہ تربیتی کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جسٹس جناب ہاشم خان کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی امان اللہ بلوچ عدالت عالیہ کے ججز، وکلاء ودیگر بھی موجود تھے انہوں نے تربیت پانے والے سینئر سول ججز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کی فراہمی کے لئے کسی بھی مقدمے میں دونوں فریقین کے وکلاء کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ مقدمے کی بھرپور طریقے سے تیاری کرکے آئین تاکہ مقدمات کو بروقت اور فوری طور پر نمٹانے میں مدد مل سکے اور اس سے سائلین کو بھی فوری انصاف مل سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ججز کے لئے تربیتی پروگرامز کے انعقاد سے ان کے استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا جس سے وہ سستے انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی کورسز رویوں میں بہتری اور خامیوں کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی اور انہیں انتظامی امور سے متعلق معاملات کو بھی سمجھنے کا موقع ملے گا۔ بعدازاں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے تربیت پانے والے سینئر سول ججز میں اسناد تقسیم کیں۔