دینی رفاہی اداروں کی خدمات سے مغربی این جی اوز کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں،جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد

بدھ 22 جون 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء) جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ دینی رفاہی اداروں کی خدمات سے مغربی این جی اوز کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں۔ بلوچستان و تھر سمیت پسماندہ علاقوں کے مسائل ختم کرنے کے لیے پوری قوم کو فکر مند ہونا پڑے گا۔ ضروت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے میدان عمل میں مضبوط کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ذاتی زندگی کے لیے فکر مند ہونے کی بجائے قوم کی خدمت اور اصلاح کا جذبہ لے کر آگے بڑھے۔ ہمارا عزم ہے کہ جو سہولیات پرائیوٹ سیکٹر میں موجود ہیں وہ ہم اپنا عام لوگوں کو بھی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرض حسنہ کی روایت معاشرے میں ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ایک جانب 1.3 ارب ٹن خوراک کچرے میں پھینک دی جاتی ہے، دوسری طرف دنیا میں ایسے خطے بھی ہیں جہاں لوگوں کو دو وقت کی روٹی دستیاب نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

رزق بانٹنے سے نہیں ضائع کرنے سے کم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کے کام آنا بھی عبادت ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن تمام شعبہ جات میں انسانیت کی فلاح کے لیے کوشاں ہے۔ اسپتال، میڈیکل سینٹر، فری میڈیکل کیمپنگ، ایمبولینس سروس کے ساتھ ساتھ پانی اور خوراک کی فراہمی کے لیے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مظلوموں اور مسکینوں کا سہارا بننے کی تاکید اسلام کرتا ہے۔

قوم کی فلاح و بہبود انسانیت کی خدمت پر یقین رکھنے سے ممکن ہے۔شفیق الرحمن نے کہا کہ خدمت کے ذریعے ہی انسانیت کی فلاح ممکن ہے۔ ہماری خدمات کا دائرہ بیرون ملک بھی وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ رفاہی میدان میں وسیع پیمانے پر خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ یہی وجہ ہے کہ دشمن قوتیں ہماری رفاہی سرگرمیوں کو اپنے ناپاک عزائم کی راہ میں رکاوٹ قرار دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اضلاع کے مسائل ختم کرنے کے لیے پوری قوم کو فکر مند ہونا پڑے گا۔ ضرورت مندوں کے درد کو اپنا درد سمجھ کر ان کی بحالی کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :