امن و امان کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ‘ کراچی کو پر امن شہر بنایا جائیگا ‘بلیغ الرحمن

جمعہ 24 جون 2016 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جون ۔2016ء) وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں امن و امان کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ‘ کراچی کو پر امن شہر بنایا جائیگا ‘امجد علی صابری ہمارا قومی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پیار محبت کا پیغام پھیلایا ‘قتل قابل مذمت ہے۔

ایک انٹرویو میں وزیر مملکت نے امجد علی صابری کے قتل پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امجد علی صابری ہمارا قومی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پیار محبت کا پیغام پھیلایا اور صوفی ازم کو فروغ دیا، وہ حقیقت میں اپنے مذہب سے پیار کرنے والی شخصیت تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے اور جرائم کی شرح بھی کم ہو گئی ہے، جب پاکستان مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا تو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ زوروں پر تھی لیکن حکومتی سنجیدہ اور اہم اقدامات کی بدولت آج حالات کافی بہتر ہیں لیکن جو کمی رہ گئی ہے انہیں بھی جلد ہی دور کر دیا جائیگا اور کراچی کو پر امن شہر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ملکی حدود سمیت ملک بھر میں امن و امان کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو امن و امان کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، ہم طورخم بارڈر سمیت دیگر جگہوں سے بھی بارڈر مینجمنٹ کوبہتربنا رہے ہیں کیونکہ جب تک اسے بہتر نہیں بنایا جائے گا ہم ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہیں گے۔

بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ فاٹا، بلوچستان اور کراچی سمیت ملک بھر میں انتہاء پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج بھی حاصل ہوئے ہیں، انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمہ کیلئے بھی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں، حکومت ملک میں امن و امان اور معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے اہم اور موثر اقدامات کر رہی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :