پاکستان غیر ت کے نام پر بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے ٗ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ اس معاملے میں حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے ٗترجمان

پیر 27 جون 2016 22:34

پاکستان غیر ت کے نام پر بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) اقوام متحدہ نے پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کی ہے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور ملوث افراد کو سزا دی جائے۔اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بہنے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال سینکڑوں خواتین اور بچیاں خاندان یا برادری کی غیرت بچانے کے لیے قتل کر دی جاتی ہیں تاہم حال ہی میں اس قسم کے قتل کے واقعات میں اضافہ اس قسم کے واقعات کی بڑی قیمت کو اجاگر کرتے ہیں جو خواتین اور لڑکیوں کو چکانی پڑتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 22 سالہ مقدس بی بی کے قتل کا واقعہ ایسا ہی ایک قتل ہے جن کو ان کے اپنے ہی خاندان والوں نے اس لیے قتل کر دیا کیونکہ انھوں نے اپنی پسند کی شادی کی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مقدس بی بی نے تین سال قبل اپنی پسند کی شادی کی تھی۔ ان کو چند روز قبل ہی لاہور میں ان کے خاندان والوں نے مبینہ طور اس وقت قتل کیا جب وہ دوسری بار حاملہ تھیں۔اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بہنے نے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی اور قومی قوانین کے تحت خواتین کے حقوق اور آزادی کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے ٗیہ ریاست اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے اور وہ لوگ جو ایسے واقعات میں ملوث ہیں ان کو انصاف کے کٹھرے میں لایا جائے۔

اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹرنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے تین قرار دادوں میں 2001، 2003 اور 2005 ممبر ممالک سے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل یا تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے قوانین میں تبدیلی اور تعلیمی اور سماجی کوششوں میں تیزی لائی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس بات کا اعتراف کیا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف نے فروری میں کہا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل ایک تشویشناک مسئلہ ہے اور حکومت پاکستان سماج سے اس دھبے کو دھو نکالنے کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بہنے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اس معاملے میں حکومت پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔اس حوالے سے ایک مضبوط قومی اور صوبائی کمیشن برائے خواتین اور خواتین کی ترقی کے لیے محکمے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :