رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب سیل کرنے کیخلاف کیس

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 28 جون 2016 20:11

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء )لاہور کی سول عدالت نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو سیل کئے جانے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،سیکرٹری ریلوے او ر آئی جی ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا. لاہور کی سول عدالت کے جج ندیم احمد نے کیس کی سماعت کی.رائل پام انتظامیہ کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریلوے انتظامیہ نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر رائل پام کو دن دیہاڑے رکاوٹیں اور تالے لگا کر بند کر دیا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے واجبات کی وصولی کو جواز بنا کر کلب کو تالے لگائے جبکہ اس حوالے سے قانون کے مطابق کوئی نوٹس نہیں دیا گیا.انہوں نے عدالت کو بتایا کہ رائل پام انتظامیہ نے ریلوے انتظامیہ کے واجبات مقررہ تاریخوں میں ادا کردئیے ہیں لہذا عدالت ریلوے انتظامیہ کی غیرقانونی کاروائی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کلب کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے.جس پرعدالت نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو سیل کئے جانے کے اقدام کے خلاف دائردرخواست پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق,,,سیکرٹری ریلوے اور آئی جی ریلوے کو بارہ جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.