بحیرہ جنوبی چین پر بیجنگ کا دعویٰ مسترد ، ثالثی کی بین الاقوامی عدالت نے فلپائن کے حق میں فیصلہ دیدیا

اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ چین نے تاریخی اعتبار سے خصوصی طور پر سمندر اور وسائل پر کنٹرول رکھا ہو،ہیگ ٹربیونل کا موقف چین کے ممکنہ جارحانہ ردعمل کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکہ نے خطے میں طیارہ بردار جہا ز اور جنگی طیارے بھیجے ہیں مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ فلپائن کے 15دعوؤں میں سے 7پر فیصلہ سنانا مناسب ہو گا

منگل 12 جولائی 2016 20:41

بحیرہ جنوبی چین پر بیجنگ کا دعویٰ مسترد ، ثالثی کی بین الاقوامی عدالت ..

ہیگ /بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جولائی ۔2016ء ) ثالثی کی بین الاقوامی عدالت نے جنوبی بحیرہ چین پر چینی دعوؤں کے خلاف اور فلپائن کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم ثالثی عدالت ’پرمننٹ کورٹ آف آربیٹریشن‘‘ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس امر کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ چین نے تاریخی اعتبار سے خصوصی طور پر سمندر اور وسائل پر کنٹرول رکھا ہو۔

اس فیصلے کے بارے میں چین کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ بے بنیاد ہے‘ اور یہ کہ وہ اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتا۔ چین نے جنوبی بحیرہ چین میں فوجی مشق کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ’امریکہ جان بوجھ کر چین کی خراب شبیہہ پیش کر رہا ہے۔‘چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے قدرتی وسائل سے مالامال جنوبی بحیرہ چین سے متعلق بین الاقوامی خصوصی عدالت کے فیصلے کو اعلان سے پہلے ہی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کا کہنا تھا کہ ’بین الاقوامی عدالت کا فیصلہ غیر قانونی، بے معنی اور کالعدم ہوگا۔‘دی ہیگ کی عدالت میں یہ مقدمہ فلپائن نے دائر کیا تھا جس کا کہنا ہے کہ خطے میں چینی سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں۔حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے زیر کنٹرول ’دی پیپلز ڈیلی‘ کا کہنا تھا کہ ’اس فیصلہ کی اہمیت سوائے ردی کے کاغذ کے اور کچھ نہیں۔

‘یہ فیصلہ واجب العمل ہوگا لیکن عدالت کے پاس اسے نافذ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔تاہم نگرانی کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے فلپائن کو فائدہ ہو سکتا ہے اور اسے تسلیم نہ کرنے سے چین کی ساکھ خراب ہونے کا خطرہ ہے۔فیصلے کے بعد چین کے ممکنہ جارحانہ ردعمل کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ نے خطے میں طیارہ بردار جہاز اور جنگی طیارے بھیجے ہیں۔

چین کی بحریہ نے حال ہی میں جنوبی بحیرہ چین کے پانیوں میں فوجی مشق کی ہے حالانکہ وہاں کے پانیوں میں بحری جہازوں کا داخلہ ممنوع ہے۔اس سے قبل مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ فلپائن کے 15 دعوؤں میں سے سات پر فیصلہ سنانا مناسب ہوگا، اور دیگر آٹھ پر وہ فی الحال غور کر رہی ہے۔چین عدالت کے فیصلے کو مسترد کرنے کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔اس کے مطابق تقریباً 60 ممالک عدالتی فیصلے کو مسترد کرنے کے اس کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، لیکن ان میں سے چند نے ہی عوامی سطح پر اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :