کاشتکار بہتر پیداوار کیلئے مکئی کی کاشت 15 اگست تک مکمل کر لیں،محکمہ زراعت پنجاب

ہفتہ 16 جولائی 2016 13:58

لاہور۔16 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جولائی۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار موسمی مکئی کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی کاشت 15 جون سے 15 اگست تک مکمل کر لیں، ترجمان نے بتایا کہگندم اور چاول کے بعد مکئی سب سے اہم غذائی فصل ہے اور پنجاب میں یہ تقریبََا16 لاکھ ایکڑ رقبے پر کاشت کی جاتی ہے۔ مکئی کی پیداوار میں ہائبرڈ بیج کے استعمال سے خاطر خواہ اضافہ ہو اہے،اس اضافہ کی بنیادی وجہ ہائبرڈ بیجوں کے علاوہ بہتر پیداواری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکئی کی ہائبرڈاقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں اور ان کی چھلیاں عام طور پر آخری سرے تک دانوں سے بھری ہوئی ہوتی ہیں۔ چھلیوں میں دانوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اور دانے موٹے اور وزنی ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہائبرڈ اقسام کا قد درمیانہ تنا اور جڑیں مضبوط ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ زیادہ کھاد استعمال کرنے اور گرنے سے محفوظ رہتی ہیں۔

ان دوغلی اقسام میں گرم اور خشک موسمی حالات کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے بہتر موسمی حالات، مکئی کی ہائبرڈ اقسام کے زیرکاشت رقبہ میں اضافہ اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔بھاری میرازرخیززمین مکئی کی کاشت کیلئے نہایت موزوں ہے۔ زمین کی تیاری کے وقت کاشت سے ایک ماہ قبل مٹی پلٹنے والا ہل پہلے چلایا جائے اور لیزرلیولر استعمال کیا جائے ۔

زمین کی بہتر تیاری کیلئے 3 سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارانی علاقوں میں موسمی مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی ڈرل کاشت کیلئے شرح بیج 12 تا 15 کلوگرام اورآبپاش علاقوں میں وٹوں پر کاشت کی صورت میں 8 تا 10 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کیا جائے۔آبپاش علاقوں میں مکئی کی ہائبرڈ اقسام کو ترجیحاًکھیلیوں پر چوپے لگاکر کاشت کیاجائے۔

شمالاًجنوباََ بنائی گئی وٹوں کی ڈھلوان پرہلکا پانی لگانے کے فوراً بعد6 سے 8 انچ کے فاصلہ پر کاشت کرنے سے مکئی کی فی ایکڑ پیداوار زیادہ حاصل ہوتی ہے۔مقامی تیار کردہ اقسام ملکہ 2016 ،وائی ایچ 1898 ،ایف ایچ 810- اوریوسف والا ہائبرڈکے علاوہ پائینیئر،مونسینٹو،آئی سی آئی اورسنجینٹاکی موسمی مکئی کی ہائبرڈ ز لائنوں کی کاشت کوترجیح دی جائے ۔