قومی اثاثے ویادگار وزیر مینشن کی نئے سرے سے تزین وآرائش کی جائے، رہنما پاک سرزمین

قائداعظم محمدعلی جناح کی جائے پیدائش کے سامنے کچرے کے ڈھیرومنشیات کی کھلے عام فروخت پرشدید تشویش کا اظہار حکومت سندھ قومی اثاثے کے اطراف سے نشے کے عادی لوگوں کو ہٹانے وگندگی کے ڈھیروں کی صفائی کا انتظام کرے، مطالبہ

جمعرات 21 جولائی 2016 23:01

قومی اثاثے ویادگار وزیر مینشن کی نئے سرے سے تزین وآرائش کی جائے، رہنما ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) پاک سر زمین پارٹی کے رہنماوٴں سیف یار خان اور ساجد رشید نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی جائے پیدائش وزیرمینشن کے سامنے کچرے کے ڈھیراور اطراف میں منشیات کی کھلے عام فروخت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ وزیر مینشن کے اطراف میں نشے کے عادی لوگوں کو ہٹانے اور گندگی کے ڈھیروں کی صفائی کا انتظام کرے ،ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کھارادرسے آئے ہوئے علا قہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،ملاقا ت میں علا قہ مکینوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت وقت بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی جائے پیدائش وزیر مینشن پر کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے اطراف کی گلیاں بھی کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہی ہیں اور صبح سے رات گئے تک علاقے کی گلیاں منشیات فروشوں کا مرکز بنی رہتی ہیں اور نشے کے عادی افراد یہاں سے گزرنے والی خواتین اوربچوں کوان کی قیمتی اشیاء سے محروم کر دیتے ہیں ،علاقہ مکینوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ اس تاریخی عمارت کی تزئین وآرائش سے قبل نشے کے عادی افراداس عمارت میں گھس کر نشہ کرتے تھے اس بات کی بارہا نشاندہی کے بعدحکومت نے اس یاد گار جگہ کی دیکھ بھال کے لیئے چند ملازمین تعینات کئے لیکن وہ بھی اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی سیاح جو بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی جائے پیدائش وزیرمینشن کو دیکھنے کے لیے آتے تھے ان کی آمد کا سلسلہ ان حالات کی وجہ سے کئی برسوں سے رک گیاہے ،رہنماوٴں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی جائے پیدائش کے تقدس اور اہمیت کو سمجھتی ہے اورحکومت وقت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس قیمتی قومی اثاثے ویادگارکی نئے سرے سے تزین وآرائش کے ساتھ سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے تاکہ اس اہم قومی اثاثے کی تاریخی حیثیت برقرار رہے ۔

متعلقہ عنوان :