الشفا ء ٹرسٹ آئی اسپتال سکھر کی جانب سے دارالامان سکھر میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 28 جولائی 2016 23:08

سکھر۔ 28جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جولائی ۔2016ء) الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال سکھر کی جانب سے دارالامان سکھر میں مفت آئی کیمپ لگایا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق کیمپ میں دارالامان میں مقیم امراض چشم میں مبتلا خواتین کا معائنہ و علاج کیا گیا اور انہیں آنکھوں کی حفاظت کے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال سکھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسرور الحسن نے بتایا کہ دارالامان میں 62خواتین کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں سے دو خواتین کو الشفاء اسپتال سکھر میں داخل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کو علاج کے ساتھ ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ الشفاء ٹرسٹ سکھر کی جانب سے سکھر شہر کے مختلف اسکولوں میں بھی بچوں کیلئے آنکھوں کی بیماریوں کے حوالے سے فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سکھر کے ڈائریکٹر سید نصیر حسین شاہ نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کے ادارے کی جانب سے دارالامان کی خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور خواتین کو پابندی سے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں کیوں کہ دارالامان میں موجود خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کی خدمت ادارے کی زمہ داری اور فرض ہے اور اسی مقصد کیلئے ادارہ دن رات ان کی بھلائی کے کاموں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔