کپاس ، فصل کی ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں، محکمہ زراعت

پیر 1 اگست 2016 14:38

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اگست۔2016ء)کپاس پاکستان کی معیشت میں بڑا اہم کردا ر ادا کرتی ہے ۔ اس کا ریشہ کپڑے کی صنعت میں خام مال کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔کپاس کی فصل بڑھوتری کے پھول لگنے اور ٹینڈے بننے کے اہم مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے ، وزیر زراعت اورسیکرٹری زراعت حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب کے زرعی ماہرین فیلڈ میں کاشتکاروں کی رہنمائی میں مصروف عمل ہے۔

محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ ساہیوال ڈویژن کی گذشتہ روز کی جاری کردہ پیسٹ سکاؤٹنگ رپورٹ کے مطابق ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ کے اضلاع میں سفید مکھی کے10 ، چست تیلہ کے13،تھرپس کے 5 ،ملی بگ کے7 ، لشکری سنڈی کے 3 اور گلابی سنڈی کے 3 ہاٹ سپاٹ کے علاوہ کپاس کی پتہ مروڑ وائرس کے بھی 20 ہاٹ سپاٹ مشاہدہ میں آئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل کی ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور فصل پر سفید مکھی، چست تیلہ، ملی بگ اورگلابی سنڈی کاحملہ معاشی نقصان کی حد تک پہنچنے پر محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے نئی کیمسٹری کی حامل زہروں کا سپرے کریں۔

کپاس کے کاشتکار پتہ مروڑ وائرس کے حملہ کی وجہ سے دل برداشتہ ہونے کی بجائے فصل کی بہتر دیکھ بھال کریں ، نائٹروجنی کھادوں کا استعمال کریں، جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی کو یقینی بنائیں اور فصل پر اجزائے صغیرہ کے 2 سے 3 سپرے کریں۔