عوامی تحریک نے تحریک قصاص کے حوالے سے احتجاجی دھرنے کی تفصیلات جاری کر دیں

آبپارہ چوک میں (کل)احتجاجی دھرنا ہو گا،ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیولنک خطاب کریں گے اسلام آباد کی انتظامیہ احتجاجی دھرنے کو پر امن ہی رہنے دے ،اجمل چوہدری ،عرفان طاہر

جمعہ 5 اگست 2016 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اگست ۔2016ء) عوامی تحریک اسلام آباد سٹی کے صدر اجمل چوہدری،جنرل سیکرٹری عرفان طاہر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ عوامی تحریک کے احتجاج کو پر امن رہنے دے،اسلام آباد سٹی میں ہزاروں کی تعداد میں لگائے گئے بینراتار کر کیا پیغام دینے کی کوشش کی گئی،ن لیگ اور دوسرے بینر لگے رہے عوامی تحریک کے اتار لئے گئے،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوام رابطہ مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی تحریک قصاص کے ہونے والے احتجاج کی تفصیلات جاری کر تے ہوئے بتایا کہ کل اگست بروزہفتہ سپہر 3بجے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہے اور علامتی دھرنے میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیو لنک خطاب کریں گے،احتجاجی دھرنے کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ انصاف بشکل قصاص ہے۔ تمام جماعتوں کے نمائندوں ا سلام آباد کے شہریوں نے ہمارے احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج پر امن اور انصاف کیلئے ہے ۔اگر کسی نے پر امن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی تو ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ کوئی ادارہ تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے پوچھے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو دو سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف کیوں نہیں ملا ؟ انہوں نے کہاکہ احتجاج کا پہلا مرحلہ 6اگست سے شروع ہو گا،مختلف شہروں کے احتجاج کے بعد 30اگست کو آخری احتجاجی دھرنا بھی اسلام آباد میں ہو گا،جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی ۔