تحریک انصاف کے کونسلرز کا اپنی غلطی پر بھی احتجاج اور ایوان صدر کے باہر دھرنا

یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے تاخیر سے آمد ، ایوان صدر کے مرکزی گیٹ پر روک دیا مقامی نمائندوں نے احتجاج شروع کردیا ، دعوت نامے پھاڑ ڈالے

جمعہ 19 اگست 2016 21:18

تحریک انصاف کے کونسلرز کا اپنی غلطی پر بھی احتجاج اور ایوان صدر کے باہر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ممبران کا اپنی غلطی پر بھی احتجاج اور ایوان صدر کے باہر دھرنا ، وفاقی دارالحکومت کی مقامی حکومت کے نمائندوں کی جانب سے یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے تاخیر سے پہنچے تو ایوان صدر کے مرکزی گیٹ پر سیکیورٹی گارڈز نے داخلے سے روک دیا، اس پر پی ٹی آئی کونسلرز نے ایوان صدر کے سامنے احتجاج شروع کردیا اور دعوت نامے وہیں پھاڑنے کے بعد واپس چلے گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایوان صدر میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کیلئے میئر اسلام آباد شیخ انصر نے تمام میٹرو پولیٹن کے ممبران کو صبح10بجے مدعو کیا ہوا تھا،تاہم پی ٹی آئی کے کونسلرز خاصی تاخیر سے ایوان صدر پہنچے جس پر سیکیورٹی حکام نے انہیں داخلے سے روک دیا ،اور آگاہ کیا کہ تقریب 10بجے تھی،جو وقت پر پہنچے وہ تقریب میں موجود ہیں،سیکیورٹی حکام کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کونسلرز نے ایوان صدر کے باہر احتجاج کیا ،کونسلرز نعرے بازی اور دعوت نامے پھاڑنے کے بعد واپس چلے گئے۔