کراچی کی صورت حال الطاف حسین کی وجہ سے کشیدہ ہوئی، عمران اسماعیل

متحدہ لیڈر شپ نے پہلے پاکستان کو گالیاں دیں اور پھر کارکنوں کو مشتعل کرکے اشتعال انگیزی پھیلانے پر مجبور کیا

پیر 22 اگست 2016 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی کی صورت حال الطاف حسین کی وجہ سے کشیدہ ہوئی۔ متحدہ لیڈر شپ نے پہلے پاکستان کو گالیاں دیں اور پھر کارکنوں کو مشتعل کرکے اشتعال انگیزی پھیلانے پر مجبور کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ جب بھی ایم کیو ایم کے کارکنان مشتعل ہوتے ہیں، تب ہی پولیس بے بس ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ کے رہنما اپنے کارکنوں کو کہتے ہیں کہ جو چینل تمہارے خلاف بولے ان کا گھیراؤ کرلو۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم میں بہت سے لوگ محب وطن ہیں لیکن متحدہ کی لیڈر شپ میں بہت سے لوگ پاکستان سے نفرت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کی لیڈر شپ پر پابندی لگنی چاہئے لیکن جماعت پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورت حال کشیدہ ہے۔ رینجرز اور پولیس غائب ہے۔

ان اداروں کے اہلکار کیا خون خرابے کے بعد نظر آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما اپنے قائد کی بات کا کوئی جواب نہیں دے سکتے ہیں اس لئے میڈیا پر نہیں آرہے۔ اگر وہ اپنے قائد کے بیان کا دفاع کریں گے تو انہیں ریاست کے خلاف تصور کیا جائے گا۔ اگر وہ اپنے قائد کے بیان کی مخالفت کریں گے تو پارٹی انہیں جینے نہیں دے گی۔