بلوچستان : پنجگور میں ایران کی جانب سے5 مارٹرگولے فائر- مارٹرگولے پنجگورکے علاقے پروم میں گرے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 ستمبر 2016 22:02

بلوچستان : پنجگور میں ایران کی جانب سے5 مارٹرگولے فائر- مارٹرگولے پنجگورکے ..

کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر۔2016ء) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کی جانب سے فائر کیے جانے والے مارٹرگولے گرے ہیں۔پنجگور کے ڈپٹی کمشنر مجیب الرحمان نے فون پر برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ گولے ضلع کے علاقے پروم میں گرے۔ پروم ایران کے سرحد کے قریب واقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مارٹر کے گولے زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے لیکن ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے مارٹرگولوں کی فائرنگ کے واقعہ پر متعلقہ ایرانی حکام سے باقاعدہ احتجاج کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس پر ایرانی حکام سے فلیگ میٹنگ منعقد کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔بلوچستان کے ایران کے ساتھ پانچ اضلاع کی سرحدیں لگتی ہیں۔ ان اضلاع میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں۔ بلوچستان کے ان اضلاع کے جو علاقے ایران سے لگتے ہیں وہ زیادہ تر دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ہیں۔ ان اضلاع کے سرحدی علاقوں میں پہلے بھی ایران کی جانب سے راکٹ اور مارٹر کے گولے گرتے رہے ہیں۔ رابطے میں مشکلات کی وجہ سے پنجگور کے علاقے میں مارٹر گولے فائر ہونے کے واقعے پر ایرانی حکام کا موقف معلوم نہیں ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :