بلوچستان پر 40سال حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو مایوسی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،منظوراحمدکاکڑ

پشتونخوامیپ اور موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے 3سال کے دوران صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ، جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ،صوبے میں امن و امان کی بہتری ،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،تقریب سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 23:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 ستمبر ۔2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پر 40سال حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو مایوسی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،پشتونخوامیپ اور موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے 3سال کے دوران صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ،صوبے میں امن و امان کی بہتری ،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے کلی صاحبزادہ نواں کلی پشتونخوامیپ ابتدائی یونٹ کے زیر اہتمام شمولیتی پروگرام اور علاقے میں اپنے ایم پی ایز فنڈز سے نو تعمیر شدہ روڈ اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی منظوراحمدکاکڑنے کہا کہ جب موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو صوبے میں امن و اما ن کی صورتحال انتہائی خراب تھی جس کی بہتری کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے گئے جس کی بدولت آج صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور لوگ بلا خوف و خطر قومی شاہراہوں پر سفر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے کا تعلیمی بجٹ 4فیصد تھا جسے بڑھا کر 24فیصد اوراسی طرح صحت کا بجٹ 2فیصد سے بڑھاکر9فیصد تک کیا گیا جس سے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ تین سال کے دوران حلقہ پی بی 6میں 120اسکول تعمیر کرائے ہیں کیونکہ تعمیر کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی ماضی میں تعلیم کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں 300نئی سکول ، کیڈٹ کالج ، میڈیکل کالجز کی منظوری دی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے صرف نوجوانوں کومواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس پر صوبائی حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام پر40سال تک حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو مایوسی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور عوام کے نام پر آنے والے ترقیاتی فنڈز سابق حکمرانوں نے اپنے ذاتی بینک بیلنس اور بنگلوں پرخرچ کئے آج اکیسویں صدی میں بھی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پشتونخوامیپ اور موجودہ مخلوط صوبائی حکومت میں شامل جماعتیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی ترقی کیلئے آنے والے فنڈز صحیح معنوں میں انکی ترقی پر خرچ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 6میں صوبائی پی ایس ڈی پی میں 25ڈیمز منظور کرائے گئے جس میں سے 10پر کام جاری ہے اسی طرح وفاقی پی ایس ڈی پی میں بھی حلقے کیلئے ڈیمز منظورکرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ ہرفورم پر عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے انتخابات کے دوران پشتونخوامیپ نے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں الحمد اللہ پورا بھی کرکے دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے ووٹ کو صحیح استعمال کرتے ہوئے ایماندار اور مخلص لوگوں کا انتخاب کریں کیونکہ ووٹ ایک قومی امانت ہے ۔منظور کاکڑ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے کوئٹہ کی ترقی کیلئے 5ارب روپے مختص کئے ہیں جو حکومت کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کلی صاحبزادہ کیلئے ٹیوب ویل کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے نئے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دی۔

اس سے قبل انہوں نے علاقے میں اپنے فنڈز سے تعمیر شدہ روڈ اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے ملک ،ماسٹر عبدالرازق ،سیف الرحمن ایڈووکیٹ، حاجی محمدیونس اعوان اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی منظوراحمد کاکڑنے حلقہ پی بی 6اور کلی صاحبزادہ میں تین سال کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کی ذاتی کوششوں سے علاقے کو بجلی اور گیس کی فراہمی ،سڑکوں کی تعمیر ممکن ہوئی ہے جس پر ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں انہیں علاقے کے عوام کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔