پاکستان فروٹ سیزن میں واہگہ پورٹ بند کردیتاہے،وسطی ایشیائی ریاستوں تک پاکستان کاٹرانزٹ روٹ بند کردینگے،افغان صدرکی دھمکی

آپشنزموجود ہیں، افغان تاجروں کیلئے اشیاء کی درآمد اور برآمدکیلئے ٹرانزٹ روٹ دستیاب ہیں،بھارت نے افغان تاجروں کوٹیرف چھوٹ پراتفاق کیاہے،اشرف غنی

جمعہ 9 ستمبر 2016 21:40

پاکستان فروٹ سیزن میں واہگہ پورٹ بند کردیتاہے،وسطی ایشیائی ریاستوں ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 ستمبر ۔2016ء) افغان صدراشرف غنی نے پاکستان کی طرف سے واہگہ پورٹ کوافغان تاجروں کیلئے بند کئے جانے کے جواب میں وسطی ایشیائی ممالک تک پاکستان کاٹرانزٹ روٹ بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔صدراشرف غنی نے افغانستان اور پاکستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے اوون جینکینزسے کابل میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان اب زمینی طورپرچاروں طرف سے بند ملک نہیں ہے اس کے پاس کئی دیگرآپشنزموجود ہیں اور افغان تاجروں کیلئے اشیاء کی درآمد اور برآمدکیلئے ٹرانزٹ روٹ دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پھلوں کے سیزن کے دوران ٹرانزٹ روٹ بند کردیتا ہے جس کی وجہ سے افغان تاجروں کو کئی ملین ڈالرز کانقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے پھلوں کی برآمد پر افغانستان کو فنانشل ٹیرف سے چھوٹ دینے پراتفاق کیا ہے ۔افغان صدر نے ملاقات کے دوران افغان امن مذاکرات ،دہشتگردی کیخلاف جنگ اورپاکستان سے افغان پناہ گزینوں کے انخلاء کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی خصوصی نمائندے نے کہاکہ پاکستان کی صورتحال اب ماحول کاتقاضا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کاعمل تیزکیاجائے اور رواں سال اور آئندہ سال مزید افغان پناہ گزین وطن واپس لوٹ سکیں۔صدراشرف غنی نے کہا کہ افغان پناہ گزین دباؤ کی وجہ سے اورپاکستان کی جاری صورتحال کی وجہ سے نالاں ہیں اور وہ افغانستان واپسی کے خواہاں ہیں انہوں نے کہاکہ افغان پناہ گزینوں نے ملک میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے افغان حکومت ان کی سرمایہ کاری کو افغانستان منتقل کرنے کیلئے تعاون کرناچاہتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ اس عمل میں افغانستان کی مدد کریں جبکہ افغان حکومت نے مہاجرین کی وطن واپسی میں تعاون کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔

متعلقہ عنوان :