فصلات ربیع کی بہتر کاشت کیلئے فارمرزڈیز اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی ہدایت

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:53

فیصل آباد۔10 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 ستمبر۔2016ء)فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں گندم سمیت فصلات ربیع کی بھرپور کاشت کیلئے فارمرزڈیز اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی ہدایت کر دی گئی ہے اور محکمہ زراعت کے حکام سے کہاگیاہے کہ وہ اس ضمن میں زراعت افسرا ن اور دیگر فیلڈ سٹافرز پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیں جو یونین کونسلز کی سطح پر تمام دیہاتوں میں جا کر کاشتکاروں کو گندم کی کاشت اور دیگر فصلات ربیع کے بارے میں بھر پور رہنمائی اور مشاورت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ترغیب فراہم کریں تاکہ بمپر کراپس کاحصول ممکن ہو سکے۔

ذرائع نے بتایاکہ کسی بھی زرعی جنس کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے جبکہ زمین اچھی طرح تیارکرنے، ہل و سہاگہ دینے کے بعد متعلقہ زرعی جنس کی منظورشدہ اقسام کا صحت مند ، ہر قسم کی بیماریوں سے پاک منظور شدہ اور مقررہ مقدار کے مطابق بیج کااستعمال بھی خاص اولیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فارمرز ڈیز اور تربیتی ورکشاپس کے دوران کاشتکاروں کو فصلات کی کاشت کے موزوں وقت ، کاشت کے طریقہ کار ، شرح بیج ، آبپاشی ، جڑی بوٹیوں کے خاتمہ سمیت دیگر امور کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔