’’خوشحال کسان ، خوشحال پاکستان‘‘ کے تحت کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

صوبہ بھر میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کیلئے تحصیل اراضی ریکارڈ سنٹرز روزانہ شام 4 تا رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے

پیر 19 ستمبر 2016 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن ’’خوشحال کسان - خوشحال پاکستان‘‘ کے تحت کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے رجسٹریشن کا آغازہوگیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ صوبہ بھر میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے لئے تحصیل اراضی ریکارڈ سنٹرز روزانہ شام 4 تا رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔

کاشتکار تحصیل اراضی ریکارڈ سنٹرز میں اصل شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ تشریف لائیں۔ مزارعین اور ٹھیکیداران بھی زمین کے اصل مالک کے اجازت نامے، شناختی کارڈ کی کاپی، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ذریعے رجسٹریشن کروا کر قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں اور رجسٹریشن کے بعد ٹوکن جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کے 5 لاکھ کاشتکاروں اور مزارعین کو 80 ارب روپے کے بلا سود قرضے بذریعہ سمارٹ فون دئیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس خصوصی پیکج کے تحت کاشتکاروں کو ربیع سیزن میں 25 ہزار روپے اور خریف سیزن کے لئے 40 ہزار روپے فی ایکڑ تک کے بلا سود قرضوں کے علاوہ صرف 110 روپے میں سمارٹ فون بھی فراہم کئے جائیں گے۔ کاشتکار سمارٹ فون کے ذریعے باآسانی تکنیکی رہنمائی، منڈیوں کے نرخ، موسم کا حال سمیت کھاد اور بیج وغیرہ فراہم کرنے والوں کی تفصیل بھی جان سکیں گے۔

کاشتکاروں کی ضرورت کے مطابق تین اقساط میں قرضہ کی فراہمی سمیت فصلوں کے بیمہ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ کاشتکاروں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لئے محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے مقامی زرعی افسران و کارکنان کو پابند کیا گیا ہے۔ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار سے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام، اخوت اور تعمیربینک کی جانب سے مزید کارروائی کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔ کاشتکار مزید معلومات و رہنمائی کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچرل انفارمیشن پنجاب کے فون نمبر 042-99200773 پر (صبح 8 تا رات 8 بجے) یا محکمہ زراعت (توسیع) کے متعلقہ ضلعی دفتر سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :