شہر حیدرآباد کو بلدیاتی اداروں کی نا اہلی، کرپشن اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا ، عمران سہروردی

جمعہ 23 ستمبر 2016 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23ستمبر ۔2016ء) پاکستان سنی تحریک کے ضلع کنوینر محمد عمران سہروردی و اراکین ضلعی کمیٹی نے سندھ رینجرز کی طرف سے حیدرآباد میں شروع کی گئی صفائی مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ شہر حیدرآباد کو بلدیاتی اداروں کی نا اہلی، کرپشن اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ کام چور اور بدعنوان بلدیاتی افسران صفائی ستھرائی کے نام پر لاکھوں روپے کی جعلی کوٹیشن بنا کر سالوں سے اپنی جیبیں بھر نے میں لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں پی ایس ٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ جعلی کوٹیشن بنانے کے ماہر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے اکاؤنٹنٹ خالد عثمان اور بلدیہ اعلیٰ کے کرپٹ مافیا کے سرغنہ رفیق راجپوت آج بھی اپنی سیٹوں پر براجمان ہیں اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کو تباہ کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہیں ،انہوں نے سندھ رینجرز کے افسران کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ جہاں رینجرز کی طرف سے شہر حیدرآباد کی صفائی ستھرائی کا بیڑہ اٹھا یا ہے وہیں بلدیہ کے کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف کاروائی کر کے بلدیہ کو ایسے عناصر سے پاک کیا جائے کہ جنہوں نے عوامی مفاد کے ادارے کو تباہی کے کنارے لا کھڑا کیاہے ان عناصر کی اربوں روپے کے کرپشن کی نیب سے تحقیقات کروائی جائے اور انہیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹایا جائے، انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کی طرح نالوں اور صفائی ستھرائی کے نام پر جعلی کوٹیشن بنانے والے افسران کی بھی صفائی کی جائے اور خلاف ضابطہ تقرریاں پانے والوں کوریویو کرکے واپس ان کے محکموں میں بھیجا جائے بلدیہ کے گھوسٹ ملازمین کو فوری برطرف کر کے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے، انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندے ایسے غائب ہیں جیسے انہیں عوام میں دوبارہ نہیں آنا جبکہ میئر حیدرآباد اپنے دفتر میں بیٹھ کراجلاسوں میں فوٹو سیشنز کراتے نظر آتے ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ بلدیہ اعلیٰٰ حیدرآبا د میں تعینات کرپٹ افسران کو فارغ کر کے فوری تحقیقات کا آغاز کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :